ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد کی شاندار کامیابی: کھرگے اور راہل نے عوام کا شکریہ ادا کیا، کہا 'یہ جَل، جنگل، زمین کی جیت ہے'

جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد کی شاندار کامیابی: کھرگے اور راہل نے عوام کا شکریہ ادا کیا، کہا 'یہ جَل، جنگل، زمین کی جیت ہے'

Sun, 24 Nov 2024 11:40:46  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 24/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں انڈیا اتحاد کی شاندار کامیابی کے بعد کانگریس کے اہم رہنماؤں نے ریاست کے عوام کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ انڈیا اتحاد نے ریاست کی 81 اسمبلی سیٹوں میں سے 56 پر کامیابی حاصل کی، جبکہ بی جے پی اتحاد صرف 24 سیٹوں تک محدود رہا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اس فتح کو ’جَل، جنگل، زمین‘ کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جھارکھنڈ کے عوام نے اپنے حقوق کی اہمیت کو سمجھا اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کیا۔ کھرگے نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ جھارکھنڈ کے عوام نے جَل، جنگل، زمین کے مسائل کو ترجیح دی اور جھوٹے وعدوں اور تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کیا۔

اپنے پوسٹ میں کھڑگے لکھتے ہیں کہ ’’جھارکھنڈ کی عوام نے آئینی اداروں کے غلط استعمال کے کھیل کو شکست دی ہے۔ ہیمنت سورین جی اور (انڈیا) اتحاد کے سبھی لیڈروں کا شکریہ۔ کانگریس کے ہر کارکن کا دل سے مشکور ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’ہمیں سماجی انصاف کے لیے جنگ لڑنی ہے، عوام کی آواز بلند رکھنی ہے، ایک جواب دہ حکومت بنانی ہے۔ بھروسہ برقرار، گٹھ بندھن سرکار!‘‘

اسی طرح کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی جھارکھنڈ میں ملی فتح پر عوام سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔ انھوں نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’جھارکھنڈ کے لوگوں کا انڈیا بلاک کو شاندار مینڈیٹ دینے کے لیے دل سے شکریہ۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین جی، کانگریس اور جے ایم ایم کے سبھی کارکنان کو اس فتح کے لیے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات۔‘‘

راہل گاندھی اس پوسٹ میں آگے لکھتے ہیں کہ ’’ریاست میں اتحاد کی یہ جیت آئین کے ساتھ ساتھ جَل، جنگل، زمین کی حفاظت کی جیت ہے۔‘‘ ساتھ ہی راہل گاندھی نے مہاراشٹر کے نتائج پر بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مہاراشٹر کے نتائج حیرت انگیز ہیں اور ان کا ہم تفصیل سے جائزہ لیں گے۔ ریاست کے سبھی ووٹرس بھائی بہنوں کو ان کی حمایت اور سبھی کارکنان کو ان کی محنت کے لیے شکریہ۔‘‘


Share: